counter easy hit

نیوزی لینڈ میں اسلام اور مسلمانوں کے ساتھ رواداری کی مثال قائم، پولیس فورس کی پہلی باحجاب خاتون افسر

اسلام آباد(ایس ایم حسنین)یورپ میں جہاں حجاب اوراسلام کیخلاف انتہا پسندی عروج پر ہے وہیں نیوزی لینڈ میں مسلمانوں کے ساتھ تحمل اور رواداری کی ایک اور مثال قائم کی گئی ہے۔ پہلی مسلمان خاتون زینا علی نیوزی لینڈ کی پہلی باحجاب پولیس آفیسر بن گئی ہیں۔ رواں ہفتے وہ نہ صرف بطور پولیس افسر گریجویٹ ہوں گی بلکہ نیوزی لینڈ میں پولیس کی جانب سے جاری کردہ حجاب کو اپنی وردی کے حصے کے طور پر پہننے والی وہاں کی پہلی خاتون افسر بھی ہوں گی۔ سال 2019 میں نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی مساجد پر دہشت گرد حملے کے بعد زینا علی نے وہاں مقیم مسلمانوں کی مدد کے لیے پولیس فورس میں شمولیت کا فیصلہ کیا تھا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نیوزی لینڈ کی پولیس کا کہنا تھا کہ وہ مختلف نقطہ نظر اور تجربات کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں اہم سمجھتے ہیں تاکہ اس سے ان کے کام میں بہتری آسکے۔ پولیس کا کہنا تھا کہ کمیونیٹیز کی عکاسی کرتے ہوئے ہم مختلف سوچ کی خدمت کرتے اور اسے سراہتے ہیں، ہمارا مقصد مسائل کا بہتر حل اور نتائج ہیں۔ زینا علی کا ونگ کل گریجویٹ ہوگا جو ‘انتہائی متنوع’ ہے اور اس میں خواتین کی تعداد مردوں سے زیادہ ہے۔ ان میں 51.3 فیصد خواتین ہیں اور 48.7 گریجویٹس کا تعلق یورپی کے علاوہ دیگر قومیتوں سے ہے جبکہ مرد افسران ونگ کا صرف 25 فیصد ہیں۔ نیوزی لینڈ ہیرالڈ کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے بتایا کہ حجاب کی ڈیزائننگ کا عمل ان کے پولیس کالج شروع ہونے سے قبل ہوا تھا، جس کے اسٹائلز اور مختلف مواد کے لیے انہوں نے تجاویز پیش کی تھیں۔ کورس سے قبل اس ضمن میں مزید تبدیلیاں کی گئی تھیں اور ان کے پاس گریجویشن میں پہننے کے لیے بھی اس مناسبت سے علیحدہ حجاب موجود ہے۔ زینا علی تماکی مکاؤرو کے علاقے میں تعینات ہوں گی اور وہ اس حوالے سے کافی پرجوش ہیں، انہوں نے کہا کہ باہر جانا اور نیوزی لینڈ پولیس حجاب کو وردی کے حصے کے طور پر پہننا بہت اچھا احساس ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ یہ دیکھ کر مزید مسلمان خواتین بھی پولیس فورس میں شمولیت اختیار کریں گی۔ زینا علی کو وہ لمحہ یاد ہے جب انہوں نے کسٹمر سروس کو چھوڑ کر قانون نافذ کرنے والے اداروں میں جانے کا فیصلہ کیا تھا۔ وہ کہتی ہیں کہ میں نے ایک سیکیورٹی گارڈ کے ساتھ کام کیا تھا اور وہ پولیس میں شامل ہونے جارہی تھیں، انہوں نے مجھے مدد کا کہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جب میں نے یہ عمل شروع کیا تھا تو سانحہ کرائسٹ چرچ ہوگیا اور تب مجھے احساس ہوا کہ پولیس میں مزید مسلمان خواتین کی ضرورت ہے جو ان چیزوں میں لوگوں کے ساتھ تعاون کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر میں نے پولیس میں پہلے شمولیت اختیار کی ہوتی تو میں وہاں مدد کے لیے موجود ہوتی۔ زینا علی فجی میں پیدا ہوئی تھیں اور اپنے بچپن میں اہلخانہ کے ساتھ نیوزی لینڈ آگئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں مسلمانوں خاص طور پر خواتین کی نمائندگی کرنے پر فخر ہے اور وہ امید کرتی ہیں کہ ان سے متاثر ہوکر دیگر خواتین بھی پولیس کا حصہ بنیں گی۔ پولیس کے حجاب کا مطلب یہ ہوگا جو خواتین ماضی میں اپنے مذہب یا ثقافت کی وجہ سے پولیس میں آنے کا نہیں سوچ سکیں وہ ایسا کرسکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ پہننے پر فخر ہے اور امید ہے کہ دیگر افراد کو بھی مجھ پر فخر ہوگا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل 2008 میں نیوزی لینڈ پولیس نے یونیفارم میں پگڑی متعارف کروائی تھی اور نیلسن کانسٹیبل جگ موہن ملہی آن ڈیوٹی یہ پگڑی پہننے والے پہلے افسر تھے
یاد رہے کہ گزشتہ برس 15 مارچ کو 2 مساجد النور اور لین ووڈ میں دہشت گرد نے اس وقت داخل ہوکر فائرنگ کی تھی جب بڑی تعداد میں نمازی، نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے لیے مسجد میں موجود تھے۔ رواں برس 27 اگست کو نیوزی لینڈ کی عدالت نے حملے کے ذمہ دار برینٹن ٹیرنٹ کو بغیر پیرول کے عمر قید کی سزا سنائی تھی30 سالہ زینا علی نے پولیس کے ساتھ حجاب ڈیزائن کرنے میں بھی کام کیا جو ان کے نئے کردار اور ان کے مذہب دونوں سے مطابقت رکھتا ہے۔

About MH Kazmi

Journalism is not something we are earning, it is the treasure that we have to save for our generations. Strong believer of constructive role of Journalism in future world. for comments and News yesurdu@gmail.com 03128594276

Connect

Follow on Twitter Connect on Facebook View all Posts Visit Website