اسلام آباد(ایس ایم حسنین) وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائودو وزیراعظم عمران خان کے دورہ کابل سے قبل اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ آج کابل کے دورے پر روانہ ہونگے۔ مشیر تجارت اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ 16 سے 18 نومبر تک کابل کا دورہ کرینگے۔ ان کے وفد میں سیکرٹری کامرس، ممبرکسٹمز، ایف بی آر ،شعبہ تجارت ، سٹیٹ بنک پاکستان، میری ٹائم افیئرز اور ریلویز ڈیپارٹمنٹ کے سینئر نمائندگان شامل ہونگے۔ مشیر تجارت عبدالرزاق دائود کے وفود کی سطح پر مذاکرات کے ایجنڈے میں مضبوط تجارت، ٹرانزٹ اورمعاشی تعاون شامل ہیں۔ دریں اثنا کابل میں پاکستان کے سفیر منصور احمد خان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے دورے کے نتیجے میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان مشترکہ تعاون اور دوطرفہ تجارت کے شعبوں میں نمایاں بہتری آئیگی۔