اسلام آباد(ایس ایم حسنین) کورونا کی پہلی لہر کے عروج پر کاروبارکی بندش کی دوہائی دینے والی اپوزیشن دوسری شدید لہر کے دوران جلسوں کے ذریعے کورونا کا پھیلائو چاہتی ہے۔ یہ بات وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز زلفی بخاری نے ہفتے کے روز اپنے بیان میں کہی۔ زلفی بخاری پی ڈی ایم کے پشاور میں جلسہ کے انعقاد کے حوالے سے کہا کہ کورونا وباکے ابتدائی دنوں میں جب وباعروج پر تھی تو پی ڈی ایم جماعتیں ملک میں کاروبار بند کرانے پر زور دیتی تھیں لیکن اب یہ جماعتیں جلسے کرنے اور اس سے کورونا کا مزید پھیلائو چاہ رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ جماعتیں چاہتی ہیں کہ اگر عوام ان کی کرپشن سے نہیں مرے تو اب چاہے بھوک سے مریں یا کورونا سے انہیں کوئی سروکار نہیں ۔ زلفی بخاری نے کہا کہ ان جماعتوں کابنیادی ایجنڈا اینٹی پاکستان ہے ۔