اسلام آباد(ایس ایم حسنین) کورونا وائرس کی دوسری لہر کے باعث کینیڈا کی حکومت نے سیاحتی ویزوں پر پابند عائد کررکھی ہے۔ یہ بات پاکستان میں کینیڈین ہائی کمشنروینڈی گلمور نے برطانوی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وبا کے نتیجے میں کینیڈا نے دنیا بھر کے لیے سیاحتی ویزہ بند کر دیا ہے لیکن جب کورونا وائرس ختم ہو گا تو وہ لوگ جو جو وہاں جا کر رہنا، کام کرنا یا تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں ان کے لیے امیگریشن کے عمل کو شروع کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بڑی تعداد میں کینیڈین شہری آباد ہیں اور اسی طرح کینیڈا میں پاکستانیوں کی تعداد موجود ہے جو دونوں ممالک کے درمیان بہترین تعلقات کی بنیاد ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ہمیں دیگر ممالک میں یہ چیلنج درپیش ہے کہ لوگ ویزا کے لیے غلط معلومات پر مبنی درخواستیں دائر کرتے ہیں لیکن ہم اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ صرف وہ لوگ کینیڈا جائیں جو جائز طریقے سے وہاں جا کر رہنا، کام کرنا یا تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں۔