اسلام آباد(ایس ایم حسنین)اسلامی ممالک کے استحکام اور ترقی کیلئے اسلامی تعاون تنظیم کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے، یہ بات سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے تنظیم کے نئے جنرل سیکرٹری حسین ابراہیم طہ کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہی۔ عرب خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب نے کہا ہے کہ ’اسلامی ممالک کے استحکام اور ترقی کے لیے ہم او آئی سی کے نئے جنرل سکریٹری کے ساتھ ہر طرح کا تعاون جاری رکھیں گے‘۔سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ ’اوآئی سی نئے جنرل سکریٹری کو ان کے فرائض کی ادائیگی میں ہاتھ بٹانے کے علاوہ پہلے کی طرح اپناکردار ادا کرتے رہیں گے‘۔ واضح رہے کہ او آئی سی کے نئے جنرل سکریٹری کا تقرر افریقی ممالک کی تائید میں ہوا ہے جس میں سعودی عرب نے وعدہ کیا تھا کہ وہ افریقی ممالک کی طرف سے نامزد جنرل سکریٹری کی حمایت کرے گا۔
واضح رہے کہ او آئی سی نئے جنرل سکریٹری حسین ابراہیم طہ کا تعلق چاڈ سے ہے۔ انہوں نے شاہ فیصل کے زمانے میں مدینہ منورہ میں اعلی تعلیم کے لیے سکالر شپ حاصل کی۔ بعد ازاں 1974 میں فرانس میں تعلیم مکمل کی اور سند حاصل کرنے کے بعد اپنے ملک میں وزارت خارجہ سے وابستہ ہوگیے۔ 1991 میں چاڈ میں سعودی عرب کے سفارتخانے میں مشیر کے طور پر وابستہ ہوگیے اور 10 سال تک فرائض ادا کرتے رہے۔