اسلام آباد(ایس ایم حسنین) عالمی برادری مذہب اورعقیدے کی بنیاد پرنفرت، عدم برداشت اورتشددپراکسانے کے خلاف بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اپنا کردارادا کرے۔ یہ بات وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کورونا کی وباء کے بعدخارجہ امورمیں نئے تعلقات اوربین الریاستی تعلقات” کے موضوع پر ٹی آرٹی ورلڈفورم کے مشترکہ آن لائن اجلاس سے خطاب میں کہی۔ وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے عالمی برادری پرزوردیاہے کہ وہ اسلام مخالف نظریات، امتیازی سلوک اورتعصب پرمبنی پالیسیوں کی بھرپور مخالفت کرے۔ وزیرخارجہ نے مذہبی اورعقیدے کی بنیاد پرنفرت، عدم برداشت اورتشددپراکسانے کے خلاف بین المذاہب ہم آہنگی اورحل کی ضرورت پرزوردیا۔ کورونا کی وباء کی روک تھام کے لئے مشترکہ عالمی ردعمل کی اہمیت پرزوردیتے ہوئے وزیرخارجہ نے ترقی پذیرملکوں کووباء کے منفی معاشی اثرات سے نمٹنے میں مدد دینے کے لئے ان ملکوں کوقرضوں کی ادائیگی میں چھوٹ دینے سے متعلق وزیراعظم عمران خان کے مجوزہ اقدام پر روشنی ڈالی۔