اسلام آباد(ایس ایم حسنین)معاشی سفارت کاری ہماری سفارتی ترجیحات کا اہم حصہ ہے، سفارت کاری کو تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی منظر نامے کو پیش نظر رکھتے ہوئے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کیلئے معاشی سفارت کاری ڈویژن کا قیام جلد عمل میں لایا جائے گا۔ یہ بات وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے وزارت خارجہ میں معاشی سفارت کاری کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں معاشی سفارت کاری کے فروغ کے مختلف پہلوئوں پر غورکیا گیا۔ وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری برائے معاشی سفارت کاری نبیل منیر، ترجمان وزارت خارجہ زاہد حفیظ چوہدری اور وزارتِ خارجہ کے سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمیں اپنی سفارت کاری کو تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی منظر نامے کو پیش نظر رکھتے ہوئے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ معاشی سفارت کاری ہماری سفارتی ترجیحات کا اہم حصہ ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ معاشی سفارت کاری ڈویژن کا قیام جلدعمل میں لایا جائے گا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزارتِ خارجہ کا حصہ بننے والے نئے افسران کو معاشی سفارت کاری اور پبلک ڈپلومیسی کے حوالے سے خصوصی تربیت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہےلہذٰا وزارتِ خارجہ میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو یقینی بنایا جائے گا۔ اجلاس میں اسٹریٹیجک کمیونیکیشن ڈویژن کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیر خارجہ نے اسٹریٹیجک کمیونیکیشن ڈویژن کو مزید فعال بنانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایت کی۔