اسلام آباد(رپورٹ :اصغر علی مبارک) تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابقل وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پارٹی کی کور کمیٹی نے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کی تاریخ کا فیصلہ کرلیا ہے۔پشاور میں پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف ہماری حکومت کے خلاف رجیم چینج کی سازش کی گئی، مجھے اگست میں اس سازش سے متعلق پتا چل گیا تھا۔چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ سازش میری حکومت کے خلاف نہیں بلکہ پاکستان کے خلاف کی گئی اور اس میں وہ لوگ شامل ہوئے جو اپنی کرپشن چھپانا چاہتے تھے۔ان کا کہنا تھا پاکستان کے خلاف اس وقت سازش کی گئی جب ملک ترقی کر رہا تھا، ملک کی شرح نمو 6 فیصد تھی جبکہ ہمیں جب پاکستان ملا تھا اس وقت ملک دیوالیہ تھا۔ان کا کہنا تھا کہ کورونا کے دوران ہماری حکومت نے بہترین طریقے سے صورتحال کو سنبھالا۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک کے خلاف سازش کی گئی، ہمیں دھمکیاں دے کر ہماری توہین کی گئی کہ 22 کروڑ عوام کے منتخب وزیراعظم کو ہٹایا گیا، ہمیں دھمکی کی گئی کہ اگر عمران خان کو نہیں ہٹایا گیا تو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ان کا کہنا تھا اس سازش کے تحت جن لوگوں کو مسلط کیا گیا وہ نا اہل ہیں وہ فیصلے نہیں کر پارہے۔