لندن (یس ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے الطاف حسین نے کہا ہے کہ ملک میں جگہ جگہ دھماکوں اور خود کش حملوں کا سلسلہ تیز ہوگیا ہے اور وزیراعظم فوری طور پر تمام سیکیورٹی فورسز کے سربراہان کا اجلاس طلب کریں۔
لندن سے جاری اپنے بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ اللہ تبارک و تعالیٰ واہگہ بارڈر پر ہونے والے خود کش دھماکے میں دہشت گردی کی بھینٹ چڑھنے والوں کی مغفر ت فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے جبکہ واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کو جلد ومکمل صحت یابی عطا فرمائے۔
الطاف حسین نے حکومت پنجاب سے اپیل کی کہ بم دھماکے میں ملوث سفاک دہشت گردوں اور قاتلوں کو قانون کی گرفت میں لانے کے لئے کسی مصلحت یا کوئی کوتاہی سے کام نہ لیں کیونکہ یہ مصلحت او رکوتاہی وقتی طور پر اقتدار کو تو بچاسکتی ہے لیکن یہ دھوکہ بازی کاعمل ملک کو تباہی کے دہانے پر لے جا سکتا ہے۔
الطاف حسین کا کہنا تھا حالات تیزی سے بگڑتے جا رہے ہیں، جگہ جگہ دھماکوں اور خودکش حملوں کا سلسلہ تیز ہوگیا ہے، حکومت کے پاس اتنی انٹیلی جنس نہیں کہ وہ صورتحال پر نظر رکھ سکیں، اس لئے ضرورت اس بات کی ہے کہ وزیراعظم نواز شریف فوری طور پر تمام سیکیورٹی فورسز کے سربراہان کا اجلاس طلب کریں اور ایک آرڈیننس منظور کریں جس میں پورے پاکستان کے ہر شہر سے مقتدر آدمی جس کا انتخاب علاقے کے عوام کریں گے جس کو دہشت گردوں پر نظر رکھنے کے لئے ایک ٹیم بنانے کی اجازت دی جائے اور انہیں قانونی اسلحہ رکھنے کی اجازت بھی دی جائے تاکہ وہ مسلح دہشت گردوں سے نمٹ سکیں کیونکہ خالی ہاتھ مسلح افراد سے لڑا نہیں جاسکتا۔اگر وزیر اعظم کو ان کی یہ تجویز ٹھیک نہ لگے تو اس کا کوئی اور حل نکالیں کیونکہ فوج تن تنہا ان تمام مسائل سے نہیں نمٹ سکتی۔
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد نے لندن اور پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے ارکان کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذاتی مصروفیات ترک کرکے محرم الحرام کے موقع پر ماتمی جلوسوں اور تعزیوں کی مکمل طور پر حفاظت کریں، اس کے علاوہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ایم کیوایم میڈیکل ایڈ کمیٹی کے کیمپس لگائے جائیں جہاں ماہر ڈاکٹر، پیرا میڈیکل اسٹاف اور ایمبولینس بھی موجود ہوں تاکہ ماتمی جلوس، عزاداروں اور تعزیہ کے جلوس کے شرکاء کو فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔