counter easy hit

فوری انصاف کیلئے پولیس رویے میں تبدیلی، کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ ضروری ہے، شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (یس ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عام آدمی کو انصاف کی فوری فراہمی کے لئے پولیس کو اپنے رویئے میں تبدیلی لانا ہو گی، تھانوں میں شکایات کے اندراج کے لئے کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم انتہائی ضروری ہے۔ فرانزک سائنس لیب کی 9 ڈویژن میں سٹیلائٹ لیبز بنائی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ماڈل ٹاؤن لاہور میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں پولیس نظام میں اصلاحات ،تھانوں کے حالات کار میں بہتری اور عام آدمی کو انصاف کی جلد فراہمی یقینی بنانے کے حوالے سے تجاویز پر غور کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تھانوں میں عام آدمی کی فوری شنوائی ہونی چاہئے، جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے عام آدمی کو تھانوں میں فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکتی ہے شہباز شریف نے کہا کہ مانیٹرنگ کا موثر نظام وضع کر کے پولیس کی کارکردگی میں بہتری لانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔

عوام کو انصاف کی فراہمی میں سٹیزن فیڈ بیک کمیونیکیشن سسٹم موثر کردار ادا کر سکتا ہے پولیس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے استعداد کار بڑھانے پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔

کابینہ کمیٹی پولیس نظام میں اصلاحات ،تھانوں کے حالات کار میں بہتری اور دیگر امور کا جائزہ لے کر قابل عمل سفارشات پیش کرے-سی سی پی او لاہور نے تھانوں کے حالات کار میں بہتری ،عام آدمی کو انصاف کی فراہمی اور جرائم کی روک تھام کے حوالے سے بریفنگ دی۔