لاہور (یس ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ حکومت اور تحریک انصاف دل بڑا کر کے مذاکرات کی میز پر بیٹھیں، حکومت کا دھاندلی ثابت ہونے پر استعفے کا عہد خوش آئند ہے، عہد توڑا تو انصاف پسند قوتیں تحریک انصاف کا ساتھ دیں گی منصورہ لاہور میں مختلف وفود سے گفت گو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکومت اور تحریک انصاف اختلافات بھلا کر مذاکرات کریں
حکومت نے دھاندلی ثابت ہونے پر مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے،پی ٹی آئی بھی حکومت پر اعتماد کرے اور آگے بڑھے،دھاندلی سامنے آنے پر حکومت کیلئے کسی دل میں رحم نہیں ہوگا، ان کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری پر شفاف الیکشن کی امید بندھی ہے، جوڈیشل کمیشن کی تحقیقات سے انتخابی نظام کے سقم سامنے آ جائیں گے، سراج الحق کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے جن افسروں پر تحفظات ظاہر کیئے گئے ہیں انہیں فارغ کر دینا چاہیے، معاملات نمٹانے میں تاخیر حکومت کیلئے نقصان دہ ہو گی۔