اسلام آباد (یس ڈیسک) پریس کانفرنس کرتے ہوئے پرویز رشید نے فیصل آباد میں تمام تر حالات کی ذمہ داری عمران خان پر ڈال دی کہتے ہیں جو کچھ بھی ہوا پی ٹی آئی چیئرمین کی وجہ سے ہوا۔ حکومت آگ پر تیل ڈالنے سے گریز کر رہی ہے۔ بات چیت کے ذریعے مسئلے کا حل چاہتے ہیں۔
پرویز رشید نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پلان سی کا مقصد ملک میں انارکی پھیلانا ہے۔ سیاست کی آڑ میں قاتلوں کی حفاظت کا عمل شروع ہو گیا۔ عمران خان شعلے نہ بھڑکائیں ورنہ یہ ان کے اپنے دامن تک بھی پہنچ جائیں گے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کے گھر جانا اپنے اسکور سیٹل کرنے کے مترادف ہے۔
تحریک انصاف کے ڈنڈا بردار جتھے بچوں کو اسکولوں سے زبردستی نکالتے رہے کھلی دکانوں پر بھی حملے کئے گئے۔ نوجوان کے قتل کے واقعہ کی تحقیقات ہو رہی ہیں۔ پرویز رشید نے کہا کہ لوگ عمران خان کے طرز سیاست کو دیکھ رہے ہیں وہ عدالتوں کو تسلیم نہیں کرتے لیکن وہاں سے بھی انہیں انصاف ملا ہے۔