counter easy hit

تحریک انصاف کا چیف الیکشن کمشنر سے چاروں ارکان تبدیل کرنے کا مطالبہ

PTI

PTI

اسلام آباد (یس ڈیسک) تحریک انصاف نے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات میں چاروں ارکان تبدیل کرنے کا مطالبہ کر دیا، شاہ محمود قریشی کہتے ہیں چار دفعہ بیلٹ پیپرز کے اعداد و شمار تبدیل ہوئے ریٹرننگ افسر ماتحت نہیں تو شفاف الیکشن کیسے ہوں گے۔

تحریک انصاف کے سینئر قائدین نے چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سردار محمد رضا خان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بیلٹ پیپر کی چھپائی عام انتخابات میں متنازعہ ہو گئی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے چار مرتبہ اضافی بیلٹ پیپر کے اعداد و شمار تبدیل کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے چار ارکان نے فخر الدین جی ابراہیم کو بے بس کر دیا تھا۔

الیکشن کمیشن کے چاروں ممبران متنازعہ ہیں۔ تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا ہے کہ این اے 122 میں ایاز صادق کے تحفظات اس بات کی دلیل ہیں کہ دال میں کچھ کالا ہے۔ ریٹرننگ افسر ماتحت نہیں تو شفاف الیکشن کیسے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مذاکرات کی بحالی کے لیے کوئی رابطہ نہیں کیا۔

مذاکرات کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں، چاہتے ہیں یہ معاملہ جلد از جلد حل ہو۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا آر اوز پر کوئی اختیار نہیں تھا۔ عام انتخابات میں آخری وقت میں پولنگ سکیم تبدیل کیے جانے پر تشویش تھی۔