اسلام آباد (یس ڈیسک) تحریک انصاف نے کہا ہے کہ وہ حکومت سے مذاکرات کو تیار ہے لیکن بات چیت کو وہیں سے شروع کیا جائے جہاں ختم ہوئی تھی، جوڈیشل کمیشن کے قیام تک پلان سی جاری رہے گا۔ پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی کا اجلاس عمران خان کی زیرصدارت اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس کے بعد پارٹی ترجمان شیریں مزاری نے میڈیا کو بتایا کہ تحریک انصاف غیر مشروط مذاکرات کے لیے تیار ہے
حکومت کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔پی ٹی آئی مذاکرات کے لیے تیار ہے مگر حکومت بھی سنجیدہ مذاکرات کرے اور مذاکرات وہاں سے شروع کیے جائیں جہاں ختم ہوئے تھے،جن مطالبات پرحکومت نے اتفاق کر لیا تھا، ان سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ فیصل آباد میں تحریک انصاف کے کارکن کے قاتل کی گرفتاری اوراس کے پیچھے کار فرما قوت کا پتہ لگانا حکومت کافرض ہے۔
حکومت آزادانہ کمیشن بناکرقتل کی تحقیقات کرے،جو تصویر میں نظر آرہا ہے اسے پکڑیں۔پاکستان تحریک انصاف کی ترجمان کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن کےقیام تک پلان سی سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، حکومت نے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے لیے ابھی تک کوئی رابطہ نہیں کیا۔