اسلام آباد (یس ڈیسک) دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ تبدیلی کیلئے نکلے ہیں۔ کراچی میں کسی کو زبردستی دکانیں بند کرنے پر مجبور نہیں کیا جائے گا۔ جو موجودہ نظام سے مطمئن ہیں وہ اپنے کاروبار کُھلے رکھیں لیکن جو تبدیلی چاہتے ہیں وہ پی ٹی آئی کا ساتھ دیں۔
عمران خان نے کہا کہ فیصل آباد میں لوگوں کو ڈرانے کا پلان بنایا گیا تھا۔ جب پی ٹی آئی کارکنوں نے مقابلہ کیا تو (ن) لیگ کے لوگ بھاگ گئے۔
شیریں مزاری کل پُرتشدد واقعات اور فائرنگ کے اہم کردار بے نقاب کریں گی۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ تبدیلی کیلئے قربانی دینا پڑتی ہے۔ دوسری جانب تحریک انصاف کی جانب سے 12 دسمبر کو کراچی میں صبح 8 بجے سے ہی 24 مقامات پر دھرنے دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
تحریک انصاف کے رہنمائوں کا کہنا ہے کہ عمران خان جمعے کی دوپہر کراچی پہنچیں گے جس کے بعد تمام دھرنوں کے شرکاء ایک مقام پر جمع ہوں گے اور عمران خان ان سے خطاب کریں گے۔ تحریک انصاف کے رہنمائوں کا کہنا ہے کہ چہلم امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کے احترام میں دھرنوں کو مغرب سے پہلے ختم کرنے کی کوشش کی جائیگی۔