لاہور (یس ڈیسک) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ لاہور والوں نے عمران خان کی شیطانی سونامی کو مسترد کر دیا اب وہ باز آ جائیں اور بال ٹھاکرے نہ بنیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نےکہا کہ شہریوں کو نقل و حرکت اور تاجروں کو تشدد کے ذریعے کاروبار سے روکا گیا لیکن لاہوریوں کا صبر جیت گیا اور عمران خان کا سونامی ہار گیا، عوام نے ان کے شیطانی سونامی کو ایک بار پھر مسترد کر دیا ہے۔
انہوں نےکہا کہ تحریک انصاف کے بلوائیوں نے ایمبولینسوں کا راستہ روکا، ملازمین کو دفتر اور طلبہ کو اسکول جانے سے بھی روکا گیا جب کہ میٹروبس سروس کو روک کرلاکھوں لوگوں کا سفر بھی بند کیا گیا۔
سعدر فیق کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے رویئے سے ثابت ہوگیا کہ عوام نے انہیں ووٹ نہیں دیئے اس لیے اب عمران خان باز آ جائیں اور بال ٹھاکرے نہ بنیں ان کی اصلیت عوام کے سامنے آ چکی ہے۔