کراچی (یس ڈیسک) بھارتی ریاست گجرات کی وزیر اعلیٰ نے پاک بھارت سرحد پر واقع شہروں، قصبوں اور دیہاتوں کے اسکولوں اور کالجوں کے طالب علموں کو فوجی تربیت دینے کا اعلان کر دیا۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق گجرات کی وزیر اعلیٰ آنندی بن پٹیل نے کہا کہ ان کی حکومت نے پاکستان سے ملحقہ اضلاع میں اسکول اور کالج کے طالب علموں کے لئے فوج کی تربیت دینے کا منصوبہ بنایا ہے۔
جونا گڑھ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سرحد کے ساتھ کچھ اضلاع سیکورٹی کے لحاظ سے کمزور ہیں۔ ان کو تحفظ فراہم کرنے کی ذمہ داری ان کی ہے۔ لہذا پرائمری اور ثانوی اسکولوں کے طالب علموں کے ساتھ ساتھ سرحدی اضلاع میں کالج کے طلباء کو فوجی ٹر یننگ دی جائے گی اور ریاستی حکومت نے اس کے لئے بعض منصوبے بنائے ہیں۔ کچھ، بنا سکا تھا اور پتن اضلاع کی سرحدیں پاکستان سے ملتی ہیں۔ ان اضلاع کے سرکاری اسکولوں کے لئے فوجی تربیت دینے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔