کراچی (یس ڈیسک) وزیر اعلیٰ سندھ نے ٹمبر مارکیٹ کے متاثرین کے لئے عبوری امداد کا اعلان کر دیا، فی خاندان ایک لاکھ روپے روز مرہ اخراجات کے لئے دئیے جائیں گے، وزیراعلیٰ نے متاثرین کی بحالی کے لئے وزیراعظم سے بھی رابطہ کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی صدارت میں اہم اجلاس ہوا جس میں وزیر خزانہ مراد علی شاہ، وزیر بلدیات شرجیل میمن اور مشیر نادیہ گبول، سیکریٹر ی خزانہ سہیل راجپوت، کمشنر کراچی، ایم ڈی واٹر بورڈ اور دیگر حکام نے شرکت کی ۔ اجلاس میں ٹمبر مارکیٹ میں آگ لگنے کے معاملے اور متاثرین کی امداد کے حوالے سے غور کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے متاثرین کے لئے فی خاندان ایک لاکھ روپے روز مرہ اخراجات کے لئے دینے کا اعلان کیا۔ رقم ڈپٹی کمشنر جنوبی کی تصدیق شدہ لسٹ کے مطابق دی جائے گی۔
وزیر اعلیِٰ سندھ نے نقصان کا تخمینہ لگانے کے لئے کمیٹی قائم کر دی۔ کمیٹی میں کمشنر کراچی اور ایڈمنسٹریٹر کراچی کمیٹی کے ممبر ہونگے، وزیر اعلیٰ نے متاثرین کی بحالی کے سلسلے میں وزیر اعظم نواز شریف سے بھی رابطہ کیا ہے۔