اسلام آباد (یس ڈیسک) پاکستان میں تعینات جاپان کے سفیر ہیروشی انوماتا نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے ان کی رہائش پر ملاقات کی۔
ہیروشی انوماتا کا کہنا تھا کہ دہشتگردی نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کے سارے ممالک کا مسئلہ ہے اور اس ضمن میں پاکستان کی کاوشیں اور قربانیاں سب سے زیادہ ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دہشتگردی کیخلاف ملکی سطح پر مشترکہ کاوشوں کے نتیجے میں مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔
سانحہ پشاور میں دہشتگردوں کی جانب سے آرمی پبلک سکول کے معصوم بچوں کے بے دردی سے اور قتل عام پر انہوں نے دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ دکھ اور آزمائش کی اس گھڑی میں ان کی حکومت پاکستان کے ساتھ ہے۔
جاپانی سفیر نے پشاور میں شوکت خانم میموریل ہسپتال کی تعمیر کے منصوبے میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ قبائلی علاقوں کے غریب کینسر کے مریضوں کو بہتر اور کم لاگت پر طبی سہولیات اور علاج میسر آئے گا۔ جاپانی سفیر نے یقین دہانی کرائی کہ ان کی حکومت آئندہ بھی پاکستان میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں مالی امداد و تعاون جاری رکھے گی۔