اسلام آباد (یس ڈیسک) شکر گڑھ سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے 2 جوانوں کی شہادت پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کروایا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے ایل او سی اور ورکنگ بائونڈری پر مسلسل جنگ بندی کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔ آج بھارتی افواج کی بلااشتعال فائرنگ سے دو جوان شہید ہوئے۔
بھارت ایل او سی اور ورکنگ بائونڈری پر امن کا قیام یقینی بنائے اور واقعہ کی تحقیقات کرکے ذمہ داروں کو فوری سزا دے۔ دوسری جانب ترجمان پاک رینجرز کا کہنا ہے کہ بی ایس ایف لوکل کمانڈر نے فلیگ میٹنگ سے متعلق کال کی تھی۔
پاکستان رینجرز کے نائیک ریاض شاکر اور لانس نائیک صفدر بارڈر پر پہنچے تو بی ایس ایف نے فائرنگ کر دی جس سے دونوں جوان شہید ہوگئے۔ بھارتی فورسز نے ورکنگ باؤنڈری پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری بھی کی اور بھورے چک، لمبڑیال اور ٹنڈر چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔ چناب رینجرز بھارت فورسز کی بزدلانہ کارروائی کا بھرپور جواب دے رہی ہے۔