اسلام آباد (یس ڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے شادی سے متعلق افواہوں کی تردید کر دی، کہتے ہیں سانحہ پشاور کے باعث ابھی شادی نہیں کر سکتا۔
تحریک انصاف کے چیئرمین نے میڈیا میں شادی کی خبروں کی تردید کر دی،انھوں نے کہا کہ دوسری شادی ہو تو بچےبھی شرکت کرتے ہیں ، دوسری شادی کا فیصلہ محتاط ہوکر کرنا چاہئے، سانحہ پشاور کے باعث ابھی شادی نہیں کر سکتا۔
دوسری شادی کا معاملہ غیرسنجیدہ نہیں ہے، اس سے پہلے میڈیا میں عمران خان کی شادی کی خبروں پر شدید بحث ہوتی رہی ، عمران خان کے ٹوئٹر پیغام پر سوشل میڈیا پر نئے تبصرے شروع ہوگئے تھے۔ عمران خان نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں صرف اتنا کہنے پر اکتفا کیا تھا کہ ان کی شادی کی خبروں کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جا رہا ہے۔
ان کی بہن علیمہ خان نے بھی عمران خان کی شادی کی خبروں کی تردید کی ہے۔ برطانوی اخبار کو انٹرویو میں کہا کہ ان بے بنیاد خبروں میں کوئی صداقت نہیں ، ایسی خبریں عمران خان کے سیاسی مخالفین پھیلا رہے ہیں۔
اس سے پہلے برطانوی اخبارات نے دعویٰ کیا تھا کہ عمران خان نے اینکر پرسن ریحام خان سے دوسری شادی کر لی ہے۔ اخباری رپورٹس کے مطابق اس خفیہ شادی پر نہ صرف اہل خانہ بلکہ پارٹی کے اہم رہنماؤں اور عمران خان کے دونوں بیٹوں نے بھی ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔