اسلام آباد (یس ڈیسک) تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے دوران ہزاروں جعلی ووٹ نکلنے سے انتخابات میں دھاندلی سے متعلق ہمارا اصولی مؤقف ثابت ہوگیا۔
اپنے بیان میں عمران خان نے کہا کہ حکومت دھاندلی ثابت ہونے کے خوف سے پریشان ہے کیونکہ تحریک انصاف نے حلقہ این اے 122 کے جن پولنگ اسٹیشنز میں دھاندلی کی نشاندہی کی تھی وہاں دھاندلی ثابت ہوگئی، حلقے کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی اور جانچ پڑتال کے دوران 30 ہزار جعلی ووٹ نکلے ہیں جس سے تحریک انصاف کا انتخابات میں دھاندلی کا اصولی مؤقف درست ثابت ہوگیا۔
واضح رہے کہ عمران خان کی درخواست پر حلقہ این اے 122 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل مکمل ہوگیا ہے جس کی رپورٹ آئندہ ہفتے الیکشن ٹربیونل کو پیش کی جائے گی۔