ممبئی (یس ڈیسک) بھارتی اخبار نے اپنی سرکار کو جھوٹا ثابت کر دیا، ریاست گجرات کے قریب تباہ ہونے والی کشتی اسمگلروں کی نکلی، انڈین ایکسپریس نے دعویٰ کیا ہے کہ کشتی میں دھماکا خیز مواد نہیں بلکہ ڈیزل اور شراب سمگل کی جا رہی تھی۔
بھارت کے ایک اخبار انڈین ایکسپریس نے دعویٰ کیا کہ تباہ ہونے والی کشتی میں اسمگلرز کے سوار ہونے کے شواہد ملے ہیں جو شراب کی چھوٹی بوتلیں اور ڈیزل کی سمگلنگ میں ملوث تھے۔
بھارتی اخبار نے اپنی سرکار کا دعویٰ جھوٹا ثابت کرتے ہوئے کہا اس کشتی کا کمزور انجن بھارتی کوسٹ گارڈز سے نہیں بچ سکتا تھا۔ اس سے پہلے گزشتہ اڑتالیس گھنٹے سے بھارتی حکومت بحیرہ عرب میں کراچی سے آنے والی دھماکا خیز مواد سے لدی کشتی کی تباہی کا راگ الاپتی رہی۔
وزارت دفاع نے دعویٰ کیا کہ پاکستانی سے آنے والی ایک کشتی بھارتی سمندری حدود میں داخل ہوئی اور بھارتی کوسٹ گارڈ کی جانب سے چیلنج کیے جانے پر کشتی میں سوار افراد نے اسے آگ لگا کر تباہ کر دیا۔
بھارتی حکومت نے کہا کشتی میں دھماکا خیزمواد اور چار دہشتگرد سوار تھے اور تو اور بھارتی میڈیا نے کوسٹ گارڈ کو ہیرو قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھارت کو ایک بڑے دہشت گرد حملے سے بچا لیا۔