کراچی (یس ڈیسک) بحریہ ٹاؤن کراچی کے شہریوں اور عالم اسلام کے لیے ایک نادر تحفہ پیش کررہا ہے۔ بحریہ ٹاؤن کراچی میں مسجد نبوی اور مسجد حرام کے بعد دنیا کی سب سے بڑی گرینڈ جامع مسجد کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔ پاکستان کے عوام کے لئے خوشخبری ہے کہ ملک کی سب سے بڑی اوردنیا کے ممتا زترین مساجد میں سے ایک کراچی میں تعمیر کی جارہی ہے، اس عظیم الشان گرینڈ جامع مسجد کا سنگ بنیاد بحریہ ٹاؤن میں کام کرنے والے 73 سالہ بزرگ نوشیرواں نے رکھا، جن کوبحریہ ٹاؤن انتظامیہ ان کے خاندان کے ساتھ عمرے پر بھجوائے گی۔
اس موقع پربات کرتے ہوئے بحریہ ٹاؤن کے بزرگ مزدور نوشیروان فرط جذبات میں آبدیدہ ہو گئے۔ گرینڈ جامع مسجد سپر ہائی وے پرٹول پلازا سے 9 کلومیٹر دور تعمیر کی جارہی ہے۔ مکہ معظمہ میں مسجد الحرام دنیا کی سب سے بڑی اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی دوسری سب سےبڑی مسجد ہے جبکہ گرینڈ جامع مسجد کا شمار دنیا کی بڑی مساجد میں ہوگا۔
گرینڈ جامع مسجد کےساتھ جدید اسلامک ریسرچ سینٹر، اسلامک میوزیم، اسلامک لائبریری، اسلامک کلچرل سینٹر اور انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی بھی تعمیر کی جارہی ہے جس میں 1500 طلبہ تعلیم حاصل کرسکیں گے۔ چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض کے بیٹے، بحریہ ٹاؤن کے منیجنگ ڈائریکٹر علی ریاض ملک کا کہنا ہے کہ مسجد مغل اور ترک فن تعمیر کے امتزاج سے بنائی جائے گی۔ جس کے اندر تقریبا 2 لاکھ افراد نماز پڑھ سکتے ہیں۔