کراچی (یس ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ سینیٹ اور قومی اسمبلی سے 21 ویں آئینی ترمیم کا بل متفقہ طورپر منظور ہونا ایم کیو ایم کے حق پرستانہ موٴقف کی کامیابی ہے۔ یہ بات الطاف حسین نے نائن زیرو عزیزآباد میں ایم کیو ایم کے تمام شعبہ جات کے ارکان سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے ارکان اور حق پرست عوامی نمایندے بھی موجود تھے۔ الطاف حسین نے کہا کہ آج برسہا برس سے جاری ایم کیو ایم اور الطاف حسین کی حق پرستانہ جدوجہد کامیابی سے ہمکنار ہوئی ہے اور اللہ تعالیٰ نے تحریک اور پوری قوم کو سرخروئی عطا کی ہے۔ اس حق پرستانہ جدوجہد کی قدم قدم پر مخالفت کی گئی
طالبانائزیشن کے خدشات بیان پر کرنے پر میرا مذاق اڑایا گیا اور مجھ پر بہتان تراشی کی گئی ۔ ایم کیوایم تن تنہا ان تمام مخالف اور منافق قوتوں کا مقابلہ کرتی رہی بالآخر فتح نے ایم کیوایم کے قدم چومے جس پر ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی پاکستان اور لندن کے ارکان ،حق پرست ارکان سینیٹ، قومی وصوبائی اسمبلی ،تمام شعبہ جات کے ارکان، زونوں ،سیکٹروں اور یونٹوں کے ذمہ داران ، کارکنان اورہمدرد عوام زبردست مبارکباد کے مستحق ہیں، تمام شعبہ جات کے ساتھیوں نے اپنی اپنی بساط کے مطابق حق پرستی کی جدوجہد میں حصہ لیا، طالبانائزیشن کے خطرے سے ملک بھر کے عوام کو آگاہ کرتے رہے اور اس جدوجہد کی پاداش میں انہیں مخالفین کے طعنے بھی سننے پڑے۔ لیکن انہوں نے صبروتحمل کامظاہرہ کرتے ہوئے ثابت قدمی سے اپنی جدوجہد جاری رکھی۔
الطاف حسین نے کہاکہ مذہبی منافرت اور فرقہ واریت کی آگ بھڑکانے والوں کے خلاف قانون سازی بہت بڑا معاملہ تھا جو ہمارے اتحاد اورمستقل مزاجی کے باعث پایہ تکمیل تک پہنچا ہے۔ یہ اللہ تعالیٰ کاکرم ہے کہ آج ملک بھر میں حق پرستی کی جدوجہد کے خلاف اٹھنے والی آوازیں خاموش ہوگئیں ہیں اورپاکستان کے گوشے گوشے میں صرف مظلوم عوام، ایم کیو ایم، الطاف حسین کی آواز گونج رہی ہے۔ الطاف حسین نے ایم کیوایم کے تمام ذمہ داروں پر زور دیا کہ وہ مزید فعالیت سے حق پرستی کی جدوجہد جاری رکھیں اور پاکستان کی ترقی وخوشحالی اور عوام کی فلاح وبہبود کیلئے اپنا ہرممکن کردار ادا کریں، مسائل کا شکار عوام سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور ان کے مسائل حل کرنے کی بھرپور کوشش کریں۔