نواب شاہ (یس ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ اسلام امن و بھائی چارے کا درس دیتا ہے لیکن ایک سازش کے ذریعے ساری دنیا میں اسلامک فوبیا پھیلا کر اسلام کا چہرہ مسخ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، گلے کاٹنے اور معصوم بچوں کو بے گناہ قتل کرنے والے اسلام کے نمائندے نہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں نظام مصطفیؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری خوش نصیبی ہے کہ ہماری رہنمائی کے لئے قرآن و سنت کا قانون موجود ہے ہم اس پر عمل پیرا ہو کر نہ صرف دنیاوی مسائل اور مشکلات سے نجات حاصل کرسکتے ہیں بلکہ آخرت میں کامیابی کے بھی مستحق ہوں گے، ان کا کہنا تھا کہ اس سال ربیع الاوّل دوبار آرہی ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ رسول اللہ کی تعلیمات پر عمل کرکے اس سال کو اسلام کے فروغ اور امن و محبت کا سال بنادیں، ان کا کہنا تھا کہ اسلام نے خواتین کو معاشرے میں احترام عطا کیا اور ان کے حقوق متعین کئے ہیں
ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی کا کہنا تھا کہ پوری قوم اس ماہ مبارک میں یہ عہد کرے کہ سنت نبیؐ کی روشنی سے اپنی ذات کے اندھیرے دور کرکے اس ملک میں اسلام کو بالادست بنانے کی منظم جہدوجہد کی جائے گی، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا تھا لیکن ہم اب تک اس مقصد کو حاصل نہیں کرسکے، اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اللہ تعالیٰ سے کیے گئے وعدوں کو ایفا کرنے کے لئے مل کر جہدوجہد کریں، کانفرنس سے ضلعی امیر سرور قریشی، نجف رضا، پروفیسر اعجاز عالم سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔