اسلام آباد (یس ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ ہم نے حلقے کھول دیے ہیں، عمران خان کا کوئی بھی الزام درست ثابت نہیں ہوا، این اے 122 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی میں عمران خان ہار گئے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ حلقہ این اے 122 پر ٹربیونل کے فیصلے کا سب سے زیادہ انتظار(ن)لیگ کو ہے، این اے 122 میں عمران خان پہلےسے زیادہ ووٹوں سے ایازصادق سے ہارے، کسی کے کہنے پر ووٹ صحیح یاغلط نہیں مانا جاتا، عمران خان نے 4 حلقے کھولنے کا مطالبہ کیا تھا، 3 حلقوں کے نتائج پہلےہی آچکے ہیں، چوتھے کا نتیجہ آج آیا ہے۔
این اے 122 سے متعلق رپورٹ الیکشن ٹربیونل نے الیکشن کمیشن کو بھجوادی، عمران خان کنٹینر پر جو الزامات لگاتے ہیں وہ درخواست میں نہیں لگاتے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام اب تک سانحہ پشاور کے غم میں مبتلاہیں، اس سے متعلق جو کوششیں کی گئیں وہ سب کےعلم میں ہیں، ہم چاہتےہیں کہ سانحہ پشاور کو اپنی طاقت میں تبدیل کریں، قومی لائحہ عمل پاکستان کوپُرامن بنانےمیں کردار ادا کرے گا، آئین میں ترمیم پاکستان کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کرے گی۔