اسلام آباد (یس ڈیسک) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ بدعنوانی کے خاتمے کے لئے قوم حکومت کا ساتھ دے اور ایسا ماحول پیدا کرے کہ بدعنوان عناصر معاشرے میں پنپ نہ پائیں۔
ایوان صدر اسلام آباد میں لاہور کے تاجروں کے وفد سے ملاقات کے دوران صدر مملکت نے کہا کہ اقتصادی راہداری کی تعمیر کے لئے پوری قوم یکسو ہوکر کام کرے اور اس منصوبے کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والوں کی باتوں پر کان نہ دھرے۔
اقتصادی استحکام کے لئے تاجر اور صنعت کار اپنا کردار ادا کریں، ملک اسی صورت میں ترقی کرسکتا ہے جب ہم درست راستے پر آجائیں اور ایسے طریقے اختیار کیے جائیں جس سے لوگ خوشی سے ٹیکس نیٹ میں آ جائیں۔
صدر ممنون حسین نے کہا کہ نان کارپوریٹ سیکٹر کے لئے ٹیکس نظام آسان بنانے کی ضرورت ہے، بدعنوانی کے خاتمے کے لئے قوم حکومت کا ساتھ دے اور قوم ایسا ماحول پیدا کردے کہ بدعنوان عناصر معاشرے میں پنپ نہ پائیں، تاجر برادری ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ حکومت توانائی بحران اور امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کررہی ہے۔