کراچی (یس ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہےکہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے سرحدوں پر در اندازی کے معاملے پر بھارت کو کلین چٹ دے دی اور اس پر مشیر خارجہ سرتاج عزیز خاموش رہے۔
اگر اس طرح غلام بن کر رہنا ہے تو بہتر ہے پاکستان کو نیلام کر دیا جائے۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نےکہاکہ جان کیری نے دورہ بھارت میں اربوں ڈالرز کے لین دین کے معاہدے کیے لیکن پاکستا ن آئے تو صرف پچیس کروڑ ڈالر کی امداد دی، جو اونٹ کے منہ میں زیرے کے برابر ہے۔الطاف حسین نے کہاکہ جان کیری نے پاکستان میں بھارتی مداخلت کو رد کردیا اور سرتاج عزیز نے اس پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔
الطاف حسین کاکہنا تھاکہ جان کیری بھارت کو کلین چٹ دے کر نکل گئے ، اس موقع پر سرتاج عزیز کو امدادی رقم لینے سے انکار کردینا چاہئے تھا۔الطاف حسین نے کہاکہ قوم کو دہشت گردی کے خلاف پیرس کی طرح متحدہ ہوجانا چاہیے۔الطاف حسین کا کہنا تھاکہ فرانس نے جس طرح دہشت گردی کے خلاف مظاہرہ کیا، آرمی پبلک اسکول میں ہونے والی دہشت گردی پر پاکستانی قوم نے اس طرح کے اتحاد کا مظاہرہ نہیں کیا۔متحدہ کے قائد نے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کو بھی کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔