پشاور (یس ڈیسک) انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختون خوا ناصر خان درانی نے کہا ہے کہ شہر کے بیشتر سرکاری اور پرائیویٹ اسکول چار دیواری سے عاری ہیں۔
حکومت کو لکھ دیا ہے کہ مناسب سکیورٹی انتظامات کے بعد ہی یہ اسکول کھولنے کی اجازت دی جائے۔ گورنمنٹ ہائی اسکول سٹی نمبر 2 پشاور کے دورے کے بعد آئی جی کا کہنا تھا کہ سکیورٹی انتظامات کی بہتری میں وقت لگے گا۔
ان کا کہنا تھاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہم سب کی ہے،سب نے مل کر لڑنا ہوگا۔ناصر خان درانی نے کہا کہ بچوں کو کہہ دیا ہے کہ اپنے اردگرد اور گلی محلے پر نظر رکھیں۔ ناصر خان درانی نے کہا کہ دہشت گردوں کے ساتھ جنگ میں پولیس کے بارہ سو جوان شہید ہوچکے ہیں۔
نواجوں کے حوصلے بلند ہیں وہ امن کی بحالی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انسپکٹر جنرل پولیس نے فرنٹیئر کالج پشاور کا بھی دورہ کیااور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔