کراچی (یس ڈیسک) کراچی میں جمشید کوارٹرز کرائم برانچ نے عباسی اسپتال کے قریب میڈیکل اسٹور پر چھاپہ مار کر 2 دوکانداروں کو گرفتار کر لیا۔ واقعے کے خلاف دیگر دُکانداروں نے احتجاج کیا، احتجاج کے بعد گرفتار کیے گئے دکانداروں کو رہا کر دیا گیا۔ جمشید کوارٹر کرائم برانچ ٹو نے عباسی شہید اسپتال کے قریب میڈیکل اسٹور پر چھاپہ مار کر 2 دکانداروں کو گرفتار کر لیا، جس کے بعد دیگر دکانداروں نے احتجاجا عباسی شہید اسپتال کے اطراف تمام میڈیکل اسٹورز کو بند کر دیا۔
دکانداروں نے الزام لگایا کہ پولیس کی جانب سے رہائی کیلئے 2 لاکھ روپے رشوت مانگی جارہی ہے اور رشوت نہ دینے پر گرفتار ملزمان کو کا لعدم تحریک کا کارندہ ظاہر کرنے کی دھمکی دی گئی۔ عباسی شہید اسپتال مارکیٹ کمیٹی کے ممبر عدیل کے مطابق دکاندار کامران اور افضل کو شک کی بنیاد پر حراست میں لیا تھا تاہم پولیس نے تفتیش کے بعد اب ان کو رہا کردیا ہے، جس کے بعد تمام احتجاجی مظاہرین منتشر ہوگئے۔رابطہ کمیٹی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دکانداروں سے رشوت کا مطالبہ شرمناک عمل ہے۔