پیرس (یس ڈیسک) پیرس کے ہفت روزہ چارلی ہیبڈو پر حملے کے بعد کئے گئے عوامی سروے کے مطابق فرانس کی عوام کی اکثریت کا ماننا ہے کہ کسی شخص کی بھی مذہبی دل آزاری نہیں کی جانی چاہیے اور توہین آمیز خاکوں کی اشاعت نہیں ہونی چاہیے جن سے مسلمانوں کی دل آزاری یا ان کے جذبات مجروح ہوتے ہوں۔
فرانسیسی شہریوں کی اکثریت سمجھتی ہے کہ آزادی اظہار کی حدود متعین کی جانا چاہییں۔ سروے میں حصہ لینے والے 81 فیصد شہریوں کا کہنا تھا کہ فرانسیسی سرزمین پر دہشتگردی کرنے والوں سے فرانسیسی شہریت چھین لی جائے۔
اڑسٹھ فیصد کا خیال تھا کسی شدت پسند تنظیم کا حصہ بننے والے کو واپس فرانس آنے کی اجازت نہ دی جائے۔
سروے میں حصہ لینے والے 57 فیصد فرانسیسی شہریوں نے فرانس کی دیگر ممالک میں فوجی مداخلت کی مخالفت کی۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ فرانس کو لیبیا، شام اور یمن کے معاملات میں مداخلت سے گریز کرنا چاہئے۔