لاہور (یس ڈیسک) ہائی کورٹ میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی دوبارہ جانچ پڑتال کے معاملے پر جواب داخل نہ کروانے پر سیکریٹری الیکشن کمیشن کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائی کورٹ میں گزشتہ عام انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کے بعد ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کی دوبارہ جانچ پڑتال کے لئے دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔
سماعت کے دوران درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ دھاندلی کے الزامات کے بعد ارکان پارلیمنٹ کی اسکروٹنی سے متعلق عدالت عالیہ نے سیکریٹری الیکشن کمیشن سے جواب طلب کیا تھا لیکن 4 مرتبہ نوٹس جاری ہونے کے باوجود انہوں نے جوب داخل نہیں کرایا۔
عدالت نے درخواست گزار کا موقف سننے کے بعد سیکریٹری الیکشن کمیشن کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو انہیں 10 فروری کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
واضح رہے کہ 3 نومبر 2014 کو اشتیاق احمد کی ریٹائرمنٹ کے بعد سے الیکشن کمیشن کے ڈی جی ایڈمن عثمان علی قائم مقام سیکریٹری الیکشن کمیشن کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔