لاہور (یس ڈیسک) عالم اسلام کیلئے شاہ عبداﷲ کی خدمات ہمیشہ یادرکھی جائیں گی۔ وہ اُمت مسلمہ کے اتحاد کے علمبردار تھے۔ انہوں نے خود کو مسلمانوں کی فلاح و بہبود کیلئے وقف کر رکھا تھا۔ انہوں نے مشرق وسطیٰ میں اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم کا کامیابی سے سدباب کیا۔ ان خیالات کا اظہار سابق صدر پاکستان محمد رفیق تارڑ نے ایک تعزیتی بیان میں کیا۔
انہوں نے سعودی فرمانروا کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے انتقال سے نہ صرف سعودی عوام بلکہ پوری ملت اسلامیہ ایک دور اندیش رہنما اور بالخصوص پاکستان ایک قابل اعتماد دوست سے محروم ہو گیا ہے۔
علاوہ ازیں سعودی عرب کے فرمانروا شاہ عبداللہ کی وفات پر جامعہ اشرفیہ لاہور کے مہتمم حضرت مولانا محمد عبید اللہ، مولانا حافظ فضل الرحیم، حافظ اسعد عبید، حافظ اجود عبید، مولانا مجیب الرحمن انقلابی و دیگر نے کہا کہ خادم حرمین شریفین شاہ عبداللہ کی اسلام اور انسانیت کیلئے بے مثال خدمات تاریخ کا روشن حصہ ہیں، اس موقع پر شاہ عبداللہ کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی خصوصی دُعا کرائی گئی۔