اسلام آباد (یس ڈیسک) ہتک عزت مقدمے میں بابر اعوان نے تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کی جانب سے وکالت نامہ جمع کرا دیا۔ افتخار چوہدری کے وکیل نےاعتراض کر دیا، کہتے ہیں بابر اعوان میرے موکل کے خلاف بغض رکھتے ہیں۔
بابر اعوان کہتے ہیں اس کیس میں بہت سی باتیں کھلیں گی، مک مکا والا کوئی وکیل نہیں آئیگا۔ مقدمے کی سماعت ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نذیر احمد نے کی، عمران خان کی جانب سے بابر اعوان نے وکالت نامہ جمع کرایا جس پر افتخار چوہدری کے وکیل شیخ احسن نے اعتراض کیا۔
شیخ احسن ایڈووکیٹ نےاعتراض کیا کہ افتخار چوہدری نے بابر اعوان کا وکالت کا لائسنس معطل کیا تھا، بابر اعوان میرے موکل کیخلاف تعصب رکھتے ہیں۔ بابر اعوان نے کہا کہ اس کیس میں بہت سی باتیں کھلیں گی ، مک مکا والا کوئی وکیل نہیں آئیگا۔
عمران خان کے ساتھ اس قدر ناانصافی ہوئی کہ انہیں سڑکوں پر آنا پڑا، کمرہ عدالت میں بابر اعوان اور شیخ احسن ایڈووکیٹ کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ جج نذیر احمد نے ریمارکس دئیے کہ عدالت کسی بھی دبائو کے بغیر فیصلہ کریگی۔
عدالت نے عمران خان کو آئندہ سماعت پر ہتک عزت دعوے کا جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا جبکہ افتخار چوہدری کے وکلاء کو بابر اعوان پر لگائے گئے اعتراضات پر دلائل دینے کی ہدایت کی ہے۔ سماعت چودہ فروری تک ملتوی کر دی گئی ہے۔