کراچی (یس ڈیسک) شکار پور بم دھماکے میں شدید زخمی ہونے والے 14 زخمیوں کو سی ون تھرٹی طیارے کے زریعے کراچی کے نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ 14 زخمیوں کو رات گئے پاک فضائیہ کے طیارے سی ون تھرٹی کے ذریعے کراچی لایا گیا۔اس موقع پر وزیر اعلی ہاؤس کے ترجمان وقار مہدی، شرمیلا فاروقی، راشد ربانی، کمشنر کراچی سمیت دیگر عہدیدار موجود تھے۔ کراچی لائے گئے 14 زخمیوں کی عیادت کے لیے مختلف سیاسی رہنماوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
اسپتال کے باہر میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے رہنما حسن ظفر نقوی نے کہا کہ دھرنے نہ دیتے تو وزیراعلیٰ سندھ شکار پور میں حادثے کی جگہ کا دورہ نہ کرتے۔ ایم کیو ایم رابطہ کے وفد نے بھی اسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی۔رابطہ کمیٹی کے رکن گل فراز خان خٹک نے کہا کہ سانحہ شکار پور کے خلاف ایم کیوایم کے تحت آج یوم سیاہ منایا جائے گا۔
مرکزی تقریب نائن زیرو میں ہوگی جبکہ ملک کے دیگر شہروں میں شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کی جائےگی۔مسلم لیگ(ق) کے رہنما حلیم عادل شیخ اور تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان کی قیاد ت میں وفود نے بھی نجی اسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی اور سانحہ شکار پور کی شدید مذمت کی۔