کراچی (یس ڈیسک) کراچی میں پولیس مقابلے کے دوران گینگ وار سے تعلق رکھنے والا ایک ٹارگٹ کلر ہلاک جبکہ دوسرے نے گرفتاری کےبعد ایک ایسے پولیس اہلکار کی نشاندہی کی جو پیسے لے کر اپنے ہی پیٹی بھائیوں کو قتل کروارہا تھا۔ایس ایس پی ملیر راو ٔانوار کے مطابق ملیر سٹی کے علاقے میں مخبر نے گینگ وار سے تعلق رکھنے والے ٹارگٹ کلرز کی موجودگی کی اطلاع دی،پولیس پارٹی موقع پر پہنچی تو ملزمان نے فائرنگ کر دی ، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ٹارگٹ کلر ہلاک ہو گیا جبکہ اُسکے ساتھی کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا گیا
ہلاک ملزم کی شناخت بلال عرف شام کے نام سے ہوئی جبکہ گرفتار ملزم کا نام ایاز عرف عیول ہے جس نے تفتیش کے دوران پولیس کو بتایا کہ انہیں ایک قتل کے بدلے 5 سے 10 ہزار روپے ملتے تھے۔گرفتار ملزمان کا تعلق اکبر ملیری گروپ سے ہے جو عزیر بلوچ گروپ کیلئے کام کررہا ہے۔
گرفتار ملزم کی نشاندہی پر پولیس نے ایک اور ملزم کو گرفتار کیا جس کی شناخت قیصر کے نام سے ہوئی، قیصر سندھ پولیس اسپیشل برانچ کا سپاہی اور محکمہ پولیس میں 22 سال سے تعینات ہے، ملزم قیصر کو اکبر ملیری پولیس اہلکاروں کی مخبری کے بدلے 30 سے 50 ہزار روپے ادا کرتا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم قیصر نے 3 پولیس اہلکاروں کو قتل کرانے سمیت کئی افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں گینگ وار کے کارندوں کا ساتھ دیا