اسلام آباد (یس ڈیسک) آل پارٹیز کانفرنس کے اعلامیے میں پاک چین اقتصادی راہداری میں مجوزہ تبدیلی پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاک چین میگا پراجیکٹ خطے کیلئے گیم چینجر ثابت ہو سکتا ہے۔
روٹ کی تعمیر دہشتگردی سے ہونیوالے نقصانات کا ازالہ بھی کر سکتی ہے لہذا پلاننگ کمیشن کی جانب سے پہلے منتخب کئے گئے روٹ کی تعمیر جنگی بنیادوں پر شروع کی جائے۔ اس سے پہلے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسفند یار ولی نے کہا کہ حکومت کی منطق عجب ہے کیا موٹروے للہ انٹر چینج پر بننے والے اکنامک زون کو ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کیا جا سکتا ہے؟۔
سید خورشید شاہ نے کہا کہ حکومت سیاسی تعصبات میں پھنستی جا رہی ہے۔ روٹ کی تبدیلی سے وفاق کو خطرات لاحق ہو جائیں گے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میگا پراجیکٹ میں وفاق کی تمام اکائیوں کو شمولیت کا احساس دلایا جائے۔ میر حاصل بزنجو نے کہا کہ کالا باغ ڈیم کی طرح اس منصوبے کو بھی متنازعہ بنا دیا گیا ہے۔
آفتاب شیر پاؤ نے کہا کہ منصوبے سے آنیوالی انوسٹمنٹ دہشتگردی سے متاثرہ علاقوں پر خرچ ہونی چاہیے۔ آل پارٹیز کانفرنس نے واضح کیا کہ روٹ میں تبدیلی ہوئی تو راست اقدام کیا جائے گا اور پارلیمنٹ سمیت ہر مناسب پلیٹ فارم پر آواز اٹھائی جائے گی۔