counter easy hit

امریکا نے اسلحہ بردار ڈرون طیاروں کی فروخت کی اجازت دے دی

Drone

Drone

واشنگٹن (یس ڈیسک) امریکا نے ڈرون طیاروں کی فروخت سے متعلق قوانین نرم کر دیے ہیں۔ جس کے تحت امریکی کمپنیوں کو اسلحہ سے لیس جاسوس طیارے برآمد کرنے کی اجازت مل گئی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے ڈرون طیاروں کی فروخت سے متعلق قوانین میں نرمی کا اعلان کیا ہے جس کے تحت اسلحے سے لیس فوجی اور کمرشل ڈرونز فروخت کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ نئے قوانین کے مطابق لین دین صرف سرکاری سطح پر ہی ہو گی۔

درآمد کرنے والے ممالک کو ان ڈرونز کے استعمال سے متعلق کچھ شرائط پر عمل کی یقین دہانی کرانا ہو گی، جن میں ملکی دفاع کے علاوہ عالمی قوانین کی پاسداری پر عمل بھی شامل ہے، اس کے علاوہ ان ڈرونز کو مقامی افراد کی غیر قانونی نگرانی کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکے گا۔

ایک امریکی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ امریکا ان ڈرون طیاروں کی نگرانی کرے گا۔ اور فی الحال اہل ممالک کی کوئی فہرست مرتب نہیں کی گئی۔ امریکی اخبار کے مطابق اٹلی اور ترکی کے علاوہ خلیج فارس کے ممالک امریکا سے اسلحہ بردار ڈرونز خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

تاہم امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ نئی پالیسی کے تحت ان درخواستوں پر غور کیا جائے گا، امریکا نے اب تک صرف اپنے قریبی اتحادی برطانیہ کو یہ ڈرونز فروخت کیے ہیں۔