عمر کوٹ (یس ڈیسک) رکن سندھ اسمبلی اور سندھ اسمبلی میں ایجوکیشن کمیٹی کے چئیرمین نواب تیمور تالپور اور کنری کے سابق سٹی ناظم عبدالطیف گل نے کنری پریس کلب کا دورہ کیا اور وہاں موجود میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کنری ضلع عمر کوٹ میں بند اسکولوں کو کھولنے کا جو سلسلہ شروع کیا تھا اس میں 80فیصد سے زائد کامیابی ہوئی ہے لیکن اصل مسئلہ اسٹاف اور بجٹ میں کمی کا ہے اس کے علاوہ سابقہ حکومتوں نے اپنے دور میں اپنے من پسند افراد کو نوازنے کے لئے ان جگہوں پر اسکول بنائے جہاں آبادی ہی نہیں تھی اس لئے ہم کوشش کر رہے ہیں
ان اسکولوں کو اوطاق یا گودام بنانے کے بجائے متعلقہ محکموں کو دے دئیے جائیں اور ان سے آبادی میں اسکول کھلوائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم فخریہ کہہ سکتے ہیں کہ دوسرے تمام ڈسٹرکٹ سے زیادہ ہم نے اپنے ضلع میں بند اسکول کھلوائے ہیں اور اب ہم کوشش کر رہے ہیں کہ اس ضلع میں تعلیمی معیار بہتر بنائیں اور گھوسٹ اساتذہ کے خلاف کاروائی کریں اس سلسلے میں محکمہ تعلیم کے جو افسران ان کی مدد کریں گے ان کے خلاف بھی کاروائی کی جائے گی۔
ہم ضلع کو پورے سندھ میں تعلیم کے حوالے سے معیاری ضلع بنا نے کی کوشش کر رہے ہیں ہماری تمام میڈیا نمائندوں سے بھی درخواست ہے کہ وہ ہماری مدد کریں اور برائی کے خاتمے اور تعلیمی ترقی میں ہمارے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں۔