کراچی (یس ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ کوئی بھی سازش یا الزام تراشیاں پیپلز پارٹی کو کمزور نہیں کر سکتیں، عوام ہماری طاقت اور کارکن بھٹو ہیں۔
بدھ کو بلاول ہاؤس میں پارٹی رہنماؤں کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے سابق صدرآصف زرداری نے کہا کہ ہم صرف عوام کے سامنے جوابدہ ہیں، الزام تراشی یا منفی پروپیگنڈہ کرنے والوں کا جواب دینا ہمارا ویژن نہیں ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے سابق صدر آصف علی زرداری کو صوبے میں امن وامان اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی، اجلاس میں سیاسی صورت حال، سندھ میں ہونے والے سینیٹ کے انتخابات، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ، سندھ حکومت کی ایم کیو ایم میں شمولیت کے حوالے سے بات چیت اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، اجلاس میں پیپلز پارٹی کے خلاف جاری تنقید کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں آصف علی زرداری نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی کے وزرا، اراکین اسمبلی عوام کے مسائل پر توجہ دیں، عوامی ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے، انھوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایت دی کہ سندھ میں امن وامان خصوصاً کراچی آپریشن پر بھی بھرپور توجہ دی جائے اور سندھ حکومت بلدیاتی مسائل کے حل کیلیے بھی ہنگامی بنیادوں پر کام کرے۔
سابق صدر آصف زرداری نے واضح کیا کہ عوامی مسائل کے حل میں کوتاہی برتنے والے وزرا اور اراکین اسمبلی کو ان کے عہدوں سے فارغ کردیا جائے گا، انھوں نے مزید کہا کہ تمام وزرا اور اراکین اسمبلی عوام سے رابطوں کو بڑھائیں۔