لندن (یس ڈیسک) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین اور سینیٹر رحمان ملک نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج اور دیگر عسکری اداروں کے کردار کی تعریف کی ہے، ایم کیو ایم کی جانب سے جاری متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین اور پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر رحمان ملک کے درمیان ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماوٴں نے سیاسی صورتحال، پاکستان میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات اورملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
گفتگو میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور افغانستان دونوں دہشت گردی کا شکار ہیں۔ لہٰذا افغان حکومت کودہشت گردی کے خلاف پاکستان کا ساتھ دینا چاہیے۔ الطاف حسین اوررحمان ملک نے پاکستان میں دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج کے جراتمندانہ ایکشن کو سراہتے ہوئے کہاکہ پاک فوج اور دیگر عسکری ادارے ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے نجات دلانے کیلئے جس جرات اور بہادری سے کارروائی کررہے ہیں وہ قابل تحسین ہے۔