لاہور (یس ڈیسک) سابق رکن قومی اسمبلی نبیل گبول نے کہا ہے کہ وزیراعظم کرفیو لگا کر کراچی کو اسلحہ سے پاک کر دیں میں نے لیاری کے لیے قربانی دی ہے، الیکشن لیاری سے ہی لڑوں گا، ایم کیو ایم سے کوئی اختلاف نہیں۔
انھوں نے کہ مجھے کسی نے پریس کانفرنس کرنے سے منع نہیں کیا میں پریس کانفرنس کروں گا لیکن اس سے قبل سیاسی دوستوں سے ملاقات کرنا چاہتا ہوں، سیاسی دوستوں میں ن لیگ، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، پی ٹی آئی، اے این پی سب کے لوگ شامل ہیں۔ میں نے ایم کیو ایم کو چھوڑا ہے، میں ان کی توقعات پر پور انہیں اتر رہا، متحدہ کے اراکین اسمبلی 24 گھنٹے کام کرتے ہیں اور میں اتنا کام نہیں کر سکتا۔
یہ کام الطاف بھائی کی خواہش پرہوا ہے میں نے ان سے غداری نہیں کی۔ انھوں نے کہا کہ لیاری کے لوگ مجھے ایم کیو ایم کے ممبر کے طور پر قبول نہیں کررہے تھے، میں نے میڈیا پر بہت سی باتیں کرنی ہیں میرے پاس بہت سے بم ہیں جو میں نے پھوڑنے ہیں، وزیراعظم نواز شریف نے مجھے خود کہا تھا کہ میں ن لیگ جوائن کروں، اب میں جلد بازی نہیں کروں گا لیاری کے عوام سے پوچھ کر فیصلہ کرون گا۔
عمران خان میرے دوست ہیں ہم رابطے میں ہیں لیکن میں نے پی ٹی آئی جوائن کرنےکا کوئی فیصلہ نہیں کیا، ایم کیو ایم کی پالیسی سے اختلاف کی سزا یہ تو نہیں کہ بوری میں بند کر دیں گے بس یہ ہے کہ پارٹی سے نکال دیں گے ویسے بھی میرے سائز کی بوری ان کے پاس ہے بھی نہیں۔