ممبئی (یس ڈیسک) بھارتی فلم انڈسٹری کے سینئر اداکار کمل ہاسن کی بیٹی اداکارہ شروتی ہاسن نئی فلم ’’ میں گبر‘‘ میں بطور گلوکارہ بھی اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے لیے تیار ہیں اور وہ فلم میں اپنے مقابل ہیرو اکشے کمار کے ساتھ اپنے ہی گائے ہوئے گانے پر پرفارم کریں گی۔
سال رواں کے ابھی صرف دو ماہ ہی گزرے ہیں کہ شروتی ہاسن کی فلمی مصروفیات بڑھ گئی ہیں، شروتی کے پاس پہلے ہی ہندی اور ساؤتھ کی 6 فلمیں ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ اس نے گلوکاری کے میدان میں بھی بہترین انداز میں قدم جمایا ہے جب کہ اس سے پہلے بھی وہ دو فلموں کے لیے دو گانے گا چکی ہیں جن میں سے ایک گانا ’’جُگنیہ‘‘ فلم تیور میں اور ’’سناٹا ‘‘ فلم شمیتابھ میں گا چکی ہیں۔
اب وہ رواں برس اپنے تیسرے گانے کی تیاری میں ہیں جسے ریلیز کیا جائے گا اور اس مرتبہ وہ اپنی نئی فلم ’’میں گبر‘‘ میں اکشے کمار کے مقابل اپنا گانا جاری کر رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق کہا جا رہا ہے کہ یہ گانا ایک نئے دور کا محبت بھرا گانا ہے جسے راک پوپ وائب پر جاری کیا جا رہا ہے، یہ گانا شروتی ہاسن کے پہلے رومانوی داستان والے گانے ’’جُگنیہ‘‘ سے اور راک ٹریک ’’سناٹا ‘‘ سے مختلف ہوگا جب کہ نیا گانا پہلے دو گانوں ہی کی طرح فلم کے البم کے لیے ایک پاپولر سانگ ہوگا۔
فلم انڈسٹری کے ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ شروتی ہاسن سے متعلق کہا جا رہا ہے کہ اس کے گانے نئی فلموں کے البم کی کامیابی کے لیے بھی خوش قسمت قرار دیے جا رہے ہیں اور نئی فلموں میں مزید گانوں کے لیے شروتی ہاسن سے فلمسازوں نے رابطے کیے ہیں۔
اب امید کی جا رہی ہے کہ فلم ’’میں گبر‘‘ میں شروتی ہاسن اپنے گانے کی کامیابی سے مشہور گانوں کی ہیٹ ٹرک بھی کرنے والی ہیں‘ فلم کے لیے بطور پلے بیک سنگر شروتی نے گانا گا لیا ہے اور اب وہ اسے عکسبند کروانے کی تیاری کر رہی ہیں۔