لاہور (یس ڈیسک) الیکشن ٹربیونل نے این اے 122 اور پی پی 147 کے ووٹوں کی تصدیق نادرا سے کرانے کا حکم دیدیا، عدالت نے نادرہ کو 30 دن میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔
لاہور میں الیکشن ٹربیونل کے روبرو عمران خان نے درخواست دائر کی تھی کہ این اے 122 کے ریکارڈ کا درست طریقہ سے معائنہ نہیں کیا گیا اور رپورٹ میں واضح نہیں لکھا ہے کہ دھاندلی ہوئی ہے یا نہیں لہٰذا ریکارڈ کو نادرا میں تصدیق کے لیے بھجوایا جائے۔
سردار ایاز صادق کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ این اے 122 کے تھیلے بھی کھل چکے ہیں اور ووٹوں کی گنتی بھی دوبارہ ہو چکی ہے ، لہٰذا ریکارڈ نادرا کو بھجوانے کا کوئی جواز نہیں۔
عدالت نے تمام دلائل سنے کے بعد عمران خان کی درخواست منظور کرلی اور ریکارڈ تصدیق کے لیے نادرا کو بھجوانے کا حکم دیدیا۔ اس کے ساتھ عدالت نے پی ٹی آئی کے شعیب صدیقی کی بھی درخواست منظور کر لی اور پی پی 147 کا ریکارڈ بھی نادرا سے تصدیق کرانے کا حکم دیدیا۔
ٹربیونل نے نادرا کو یہ بھی احکامات جاری کیے کہ دونوں حلقوں کے ووٹوں کی تصدیق کر کے 30 دن میں رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔