کراچی (یس ڈیسک) سندھ اسمبلی میں سینٹ کے سات ارکان منتخب کرنے کے لئے 167 میں سے 163 اراکین نے ووٹ ڈالا۔ پیپلز پارٹی کے پانچوں امیدواروں نے کامیابی حاصل کر لی۔ ان میں سابق وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک اور سابق وزیر مملکت سلیم مانڈوی والا شامل ہیں۔
دونوں امیدواروں کو بیس بیس ووٹ ملے۔ سابق وزیر مملکت اسلام الدین شیخ اور سابق وزیر انجیئنر گیان چند بھی پیپلزپارٹی کی طرف سے سینٹر بن گئے۔ اسلام الدین شیخ کو 24 جبکہ گیان چند کو اکیس ووٹ ملے۔
پیپلز پارٹی کے جیتنے والے پانچویں امیدوار عبدالطیف انصاری ہیں جنہوں نے اکیس ووٹ لئے۔ ایم کیو ایم کی طرف سے خوش بخت شجاعت اور میاں محمد عتیق سنیٹر منتخب ہو گئے دونوں کو بائیس بائیس ووٹ ملے۔
ٹیکنو کریٹ اور خواتین کی چار نشستوں پر پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے دو، دو امیدوار پہلے ہی بلا مقابلہ منتخب ہو گئے تھے۔ اس طرح سندھ میں سینٹ کی گیارہ سیٹوں میں سے سات پیپلز پارٹی اور چار متحدہ قومی موومنٹ نے حاصل کیں۔