counter easy hit

خیبر پختونخوا اسمبلی میں پی ٹی آئی اور اتحادی جماعتوں نے میدان مار لیا

Khyber Pakhtunkhwa Assembly

Khyber Pakhtunkhwa Assembly

پشاور (یس ڈیسک) تحریک انصاف نے سینیٹ انتخابات میں خیبر پختوا اسمبلی سے پانچ نشستیں جیت لیں۔ مسلم لیگ نواز نے دو جبکہ پیپلز پارٹی، اے این پی، جے یو آئی، جماعت اسلامی اور عوامی جمہوری اتحاد نے ایک، ایک سیٹ حاصل کی۔ خیبر پختونخوا اسمبلی میں سینیٹ کی 12 سیٹوں پر پچیس امیدواروں کے درمیان مقابلہ رہا۔

غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق اقلیتی نشست پر تحریک انصاف کے جان کینتھ ولیم 62 ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائے۔ ان کے مدمقابل جے یو آئی (ف) کے امیدوار جیمز اقبال 46 ووٹ حاصل کر پائے۔

خواتین کی نشست تحریک انصاف کی امیدوار ثمینہ عابد نے 66 ووٹ حاصل کرکے جیت لی۔ خواتین کی دوسری نشست پر اے این پی کی امیدوار ستارہ ایاز 30 ووٹ کے ساتھ کامیاب قرار پائیں۔ ٹیکنو کریٹ کی نشست پر پی ٹی آئی کے نعمان وزیر 67 ووٹ حاصل کرکے کامیاب رہے۔

ٹیکنو کریٹ کی دوسری نشست پر مسلم لیگ (ن) کے جاوید عباسی تیسری کیٹیگری میں جیت گئے۔ مسلم لیگ (ن) کے ہی امیدوار صلاح الدین بھی جنرل نشست کی تیسری کیٹیگری میں کامیاب قرار پائے۔ پی ٹی آئی کے محسن عزیز 18 اور شبلی فراز 17 ووٹ لے کر جنرل نشست پر کامیاب ہوگئے۔

عوامی جمہوری اتحاد کے لیاقت ترکئی 15، جے یو آئی (ف) کے مولانا عطاء الرحمان 16 اور جماعتِ اسلامی کے سراج الحق 18 ووٹ لے کر سینیٹر بن گئے۔