counter easy hit

پاکستان رینجرز کے اعلیٰ حکام ماہ کے آخر میں بھارت کا دورہ کریں گے

Pakistan ,India

Pakistan ,India

کراچی (یس ڈیسک) بھارتی بارڈر سیکورٹی فورسز کے ساتھ مذاکرات کے لیے پاکستان رینجرز کے اعلیٰ سطحی حکام رواں ماہ کے آخر میں بھارت کا دورہ کریں گے، ان کا طے شدہ دورہ عرصے سے جاری کشیدہ سرحدی صورت حال کے بعد کیا جا رہا ہے۔ دو ڈائریکٹرز جنرل (ڈی جی ایس) کی قیادت میں پاک رینجرز کا وفد 25 مارچ کو پنجاب میں واہگہ اٹاری کے راستے بھارت جائے گا اور وہاں اپنے بھارتی ہم منصب بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے ساتھ ہیڈ کوارٹر میں پانچ دن تک مذاکرات کریں گے۔

یہ ایک نادر مثال ہوگی کہ پاکستان رینجرز کے دونوں چیفس ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر اور ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل طاہر جاوید خان مذاکرات میں شرکت کریں گے۔ یہ دورہ ایک سال سے التوا کا شکار تھا۔ گزشتہ برس کے اوائل میں بی ایس ایف نے ڈی جی سطح کی بات چیت کیلئے پاکستان کو دعوت دی تھی۔

اس دعوت میں شمولیت کی پاکستان کی طرف سے تصدیق نہیں کی گئی تھی۔ گزشتہ آٹھ ماہ سے دونوں ممالک کے درمیان سرحدی صورت حال اورجنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے ملاقات نہیں ہو سکی۔ اخبار کے مطابق سالانہ ڈی جی سطح کے مذاکرات کے لئے پاکستان رینجرز 25 سے 29مارچ تک پانچ دن کے لئے بھارت آئیں گے۔ آخری بار دونوں اطرف کا اعلیٰ سطحی اجلاس دسمبر 2013میں ہوا جب بی ایس ایف حکام نے لاہور کا سفر کیا۔ بھارتی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سرحدی صورت حال میں کشیدگی کی وجہ سے دورے میں تاخیر ہوئی۔

حکام کے مطابق ملاقات میں بھارتی بارڈر سیکورٹی فورس کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے معاملے کو اٹھانے کا امکان ہے۔ اخبار کے مطابق دونوں ممالک خوشگوار انداز میں بات کر کے مسائل کا حل نکالیں گے۔ وزارت داخلہ اور سیکورٹی اسٹیبلشمنٹ ان مذاکرات کا احترام کرتے ہیں جو کافی عرصے کے بعد منعقد کیے جارہے ہیں۔

بھارت کی جانب سے بی ایس ایف کے ڈائریکٹر جنرل ڈی کے پاٹھک کی قیادت میں وزارت داخلہ کے سرحدی ڈویژن حکام، وزارت خارجہ امور، حکومت پنجاب کے پی ڈبلیو ڈی حکام، نارکوٹکس کنٹرول بیورو اور سروے آف انڈیا کے حکام شرکت کریں گے۔ پاکستانی وفد میں وزارت داخلہ سمیت سیکورٹی اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے ایک درجن اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔