لاہور (یس ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ نون کی حکومت دہشت گردی اور توانائی بحران کے خاتمے کیلئے سنجیدہ اور مخلصانہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔
لاہور میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف ملک کی ترقی اور امن کے دشمنوں کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑی جا رہی ہے۔ پاکستان میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو سر چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے میں نیشنل ایکشن پلان پر موثر انداز میں عملدرآمد کر رہی ہے اور ضروری قوانین میں ترامیم کرکے سزائوں کو سخت کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے ہر محاذ پر جنگ لڑی جائے گی۔
دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا خاتمہ کرکے ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے روایتی ذرائع کے ساتھ قابل تجدید ذرائع سے توانائی کے حصول پر توجہ دی جا رہی ہے۔
اگلے 3 برس کے دوران بجلی پیدا کرنے کے کئی کارخانے کام کر رہے ہوں گے۔