کینیڈا (انجم بلوچستانی) گزشتہ دنوں کینیڈا کے شہر کیلگری میں حاجی شریف احمد ایجوکیشنل اینڈ لٹریری اکیڈمی پاکستان کے تیسرے عالمی کنونشن کے موقع پر کینیڈا میں تقریباً ٢٥ سال سے مقیم خوبصورت لب ولہجہ کی شاعرہ محترمہ امتہ المتین خان کو انکے شعری مجموعہ” اوڑھنی” پر شریف اکیڈمی کی جانب سے پروین شاکر ایواڈ دیا گیا۔ محترمہ امتہ المتین کو بچپن سے ہی شاعری کا شوق تھا، جو دیارِ غیر میں بھی قائم رہا۔
اپنی زبان اور ادب سے وابستہ محترمہ امتہ المتین نے زندگی کے مختلف موضوعات کو موضوعِ سخن بنایا ہے۔ انہوں نے معاشرتی مسائل کے ساتھ ساتھ نسوانی جذبوں کی بھی عکاسی کی ہے۔
وہ معاشرے میں عورت کے استحصال، اسکی مجبوریوں اور محرومیوں پر اپنے خیالات و مشاہدات کا اظہار اشعار کی صورت میں کر کے عورتوں کے ایک بڑے طبقہ کی نمائندگی کرتی ہوئی نظر آتی ہیں۔ ان کی شاعری میںلفظوں کی فراوانی اور بر محل استعمال ان کے ذخیرہ الفاظ پر دلالت کرتا ہے۔
جرمنی میں مقیم شریف اکیڈمی کے چیف ایگزیکٹئو شفیق مراد نے کرہ ارض پر پھیلے ہوئے شریف اکیڈمی کے تمام اراکین کی جانب سے انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ہے۔
اس خبر پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے نیوز ایجنسی اپنا انٹر نیشنل کے چیف ایگزیکٹئو اور عالمی سربراہ بین الاقوامی اردو مرکز پرنس شکیل چغتائی نے ذرائع ابلاغ کے ذریعہ محترمہ امتہ المتین اور شفیق مراد کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ”مجھے مرحومہ پروین شاکر کے ساتھ کراچی کے بین الکلیاتی مشاعروں میں شریک ہونے کا موقع ملا،جب انکا نقطہء آغاز تھا۔
وہ اردو ادب کا قیمتی سرمایہ تھیں، جوانتہائی کم عمری میںشعر و ادب کی دنیا کو ویران کر گئیں۔انکے نام کو زندہ رکھنے کے لئے شریف اکیڈمی کی کوششیں اور ایوارڈ کا اجراء قابل تحسین اور قابل تقلید ہے۔
جس پر میں اکیڈمی کے بانی اور اپنا انٹرنیشنل کے ساتھی شفیق مرادکو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اسی طرح پہلا پروین شاکر ایوارڈ حاصل کرنے پرامتہ المتین مبارکباد کی مستحق ہیں۔میں دعا گو ہوں کہ وہ اردو ادب کے فروغ میں اپنا مثبت کر دارادا کرتی رہیں۔اللہ پاک ان کو مزید کامیابیوں سے سرفراز کرے۔ آمین۔”